دنیا

چارسدہ یونیورسٹی حملہ: مودی کا اظہار مذمت

حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، ہندوستانی وزیر اعظم

اسلام آباد: ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کہا کہ وہ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

نریندر مودی نے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

دوسری جانب امریکا نے بھی باچا خان یونی ورسٹی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اُن کی نیک تمنائیں متاثرین اور لواحقین کے ساتھ ہیں، جبکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے.

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ یونیورسٹی پر حملہ، پروفیسر سمیت 21 ہلاک

واضح رہے کہ چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں آرمی پبلک اسکول کے طرز پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر سمیت 21 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔

پولیس، پاک فوج اور اسپیشل کمانڈوز کے آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا، جبکہ سیکڑوں طلبہ کو یونیورسٹی سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چاروں حملہ آوروں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں، تاہم وہ پھٹنے سے قبل ہی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔

مزید پڑھیں : پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی پچھلی دیوار چھوٹی ہونے کے باعث دہشت گرد باآسانی اسے پھلانگ کر داخل ہوئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔