سعودیہ، ایران اختلافات پرامن طریقے سے دور کریں: پاکستان
ریاض: پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ امت مسلمہ کے بہترین مفاد میں اپنے اختلافات پرامن طریقے سے دور کریں۔
انہو ں نے یہ بات پیر کو ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع ہر شاہ سلمان بن عبد العزیز نے پاکستانی قیادت کی طرف سے مفاہمت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مسلم ممالک کے درمیان بھائی چارے کا خواہش مند ہے۔
دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیا۔
اجلاس میں سعودی کابینہ کے ارکان کے علاوہ پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔