لائف اسٹائل

فلم فئیر ایوارڈز:'باجی راؤ مستانی' اور 'پیکو' سرفہرست

دپیکاپڈوکون کو فلم 'پیکو' کیلئے بہترین اداکارہ جبکہ رنویرسنگھ کو 'باجی راؤ مستانی' کیلئے بہترین اداکارکا ایوارڈ دیاگیا.

ہندوستان کے مشہور فلم فئیر ایوارڈز کا میلہ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلموں ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پیکو‘ کے نام رہا اور دونوں فلمیں سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

ممبئی میں ہونے والے 61 ویں فلم فیئر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں بولی وڈ اسٹارز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں امیتابھ بچن، ان کی اہلیہ جیا بچن، دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، شاہ رخ خان، سلمان خان، پرینیتی چوپڑا، انیل کپور اور سونم کپور وغیرہ شامل ہیں۔

فلمی ستارے ریڈ کارپٹ پر اترے تو میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

ایوارڈ شو میں گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم 'باجی راؤ مستانی' اور 'پیکو' سر فہرست رہیں، اداکارہ دپیکا کو اپنی فلم 'پیکو' کے لیے بہترین اداکارہ جبکہ رنویر سنگھ کو فلم 'باجی راؤ مستانی' کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

فلم 'باجی راؤ مستانی' کے لیے پریانکا چوپڑا کو بہترین معاون اداکارہ، بہترین فلم، سنجے لیلا بھنسالی کو بہترین ہدایت کار، گلوکارہ شریا گھوشال کو فلم کے گانے 'دیوانی مستانی' کے لیے بہترین گلوکارہ سمیت کئی ایورڈز سے نوازا گیا۔

اداکارہ دپیکا نے پریانکا چوپڑا کی غیر موجودگی میں ان کا ایوارڈ اسٹیج پر لیا جس کے بعد پریانکا نے ٹوئٹر پر اپنی فلم کی ٹیم اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا.

امیتابھ بچن کو فلم 'پیکو' کے لیے بہترین اداکار جبکہ کنگنا رناوٹ کو فلم 'تنو ویڈز منو ریٹرنز' کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا، اس زمرے میں 'پیکو' کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

اداکار انیل کپور نے اپنی فلم 'دل دھڑکنے دو' کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔

اگر موسیقی کی بات کی جائے تو بولی وڈ فلم 'روئے' سر فہرست نظر آئی۔

اس فلم کو بہترین میوزک کے ساتھ ساتھ بہترین گلوکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا جو ارجیت سنگھ نے اپنے گانے 'سورج ڈوبا' کے لیے حاصل کیا، یاد رہے کہ یہ ایوارڈ گزشتہ 4 سالوں سے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم جیت رہے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.