پاکستان

سیالکوٹ: جیش محمد کے زیرِ انتظام مدرسہ سیل

مدرسے کا ریکارڈ قبضے میں لے کر وہاں موجود 14 افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا، پولیس
|

سیالکوٹ: پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے سیالکوٹ کے علاقے منڈیکی گورایا میں ایک مسجد سے ملحقہ مدرسے کو سیل کرکے وہاں موجود 14 افراد کو حراست میں لے لیا.

خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ مذکورہ مسجد و مدرسہ کالعدم تنظیم جیش محمد کے زیرِ انتظام چلائے جارہے تھے۔

ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈسکہ سے 14 کلومیٹر دور واقع جامع مسجد و مدرسہ النور پر چھاپا مارا اور اسے سیل کردیا۔

مذکورہ ٹیم نے موقع سے کالعدم جیش محمد کے 14 کارکنوں کو گرفتار بھی کیا، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی.

مزید پڑھیں: مسعود اظہر 'حفاظتی حراست' میں ہیں: رانا ثناءاللہ

مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران مدرسے کا ریکارڈ اور دیگر پرنٹ مواد بھی قبضے میں لیا گیا جبکہ وہاں موجود افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ رات پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ڈان نیوز کے پروگرایم 'نیوز آئی' میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی تھی.

یاد رہے کہ ہندوستان نے مسعود اظہر پر پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا تھا کہ مولانا مسعود اظہر کو حفاظتی تحویل میں لیے جانے کی تصدیق نہیں کرسکتے اور نہ ہی وزیراعظم ہاؤس کے بیان پر مزید کچھ کہہ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خارجہ سیکریٹری مذاکرات:ہندوستان کا دوبارہ غور کا عندیہ

یہ بھی یاد رہے کہ پاکستانی سرحد سے محض 50 کلومیٹر دور پٹھان کوٹ میں ہندوستانی ایئر فورس کے ایئربیس پر دو ہفتے قبل دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے خلاف چار روز تک آپریشن جاری رہا۔ اس حملے میں ہندوستانی فوج کے 7 اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ آپریشن میں 6 حملہ آور بھی مارے گئے۔

اس حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شیڈول خارجہ سیکرٹری کی سطح پر مذاکرات پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے تھے جو بعد ازاں باہمی مشاورت سے ملتوی کردیئے گئے اور نئے شیڈول کا اعلان عنقریب کیا جائے گا.

حملے کے بعد ہندوستان نے الزام لگایا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار پاکستان میں موجود ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کو چند فون نمبرز بھی فراہم کیے گئے جس پر پاکستان نے ہندوستان کو تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔

ہندوستان کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کی بنا پر پاکستانی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کیا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرفتاریاں عمل میں لائیں گئی۔

13 جنوری کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت عسکری اور سیاسی قیادت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے کئی افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی تھی.

اس خبر کی تیاری میں 15 جنوری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ سے بھی مدد لی گئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.