پاکستان

کراچی، لاہور، راولپنڈی : بلدیاتی امیدواروں کی حلف برداری

تمام شہروں میں حلف برداری کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

لاہور، کراچی، اسلام آباد: پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔

پنجاب میں راولپنڈی ، منڈی بہاؤالدین، ڈیرہ غازی خان میں منتخب بلدیاتی ممبران نے حلف اٹھایا جبکہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپور ماتھیلو، بدین، جیکب آباد اور ٹھٹھہ میں منتخب نمائندوں کی حلف برداری کی تقاریب ہوئیں۔

ضلع راولپنڈی میں 2298 نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھایا۔

بلدیاتی نمائندوں سے 30 ریٹرننگ افسران نے حلف اٹھایا،حلف برداری کی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے.

کراچی کے 6 اضلاع میں 245 یونین کونسلز اور یونین کمیٹیوں میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھایا۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے کراچی کے میئر کے لیے نامزد کیے جانے وسیم اختر نے بھی لائنز ایریا کے یونین کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

کراچی میں مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول کل متوقع ہے، جس کے بعد شہر کے میئر، ڈپٹی میئر اور ضلع کونسلز کے سربراہان کا چناؤ ہوگا۔

لاہور شہر کی 274 یونین کونسلز سے چنے گئے چئیرمین، وائس چئیرمین اورکونسلرز سے متعلقہ ریٹرننگ افسران نے حلف لیا۔

براہ راست منتخب ہونے والے چئیرمین ، وائس چئیرمین اور 6 کونسلرز اب لیبر، یوتھ، اقلیت اور 2 خواتین کونسلرز کو منتخب کریں گے۔

تمام شہروں میں حلف برداری کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

حلف لینے والے پر عزم تھے کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار ان پر کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں