پاکستان

مولانا مسعود اظہر زیرحراست: 'تصدیق نہیں کرسکتے‘

پاکستان اور ہندوستان کے خارجہ سیکریٹریز کے درمیان مذاکرات کے لیے کسی تاریخ کا تعین نہیں ہوا تھا، ترجمان دفتر خارجہ
|

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو حفاظتی تحویل میں لیے جانے کی تصدیق نہیں کرسکتے اور نہ ہی وزیر اعظم ہاؤس کے بیان پر مزید کچھ کہہ سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران قاضی خلیل نے کہا کہ پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کے حوالے سے ہندوستان کی فراہم کردہ معلومات کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا گیا ہے، دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں جن کے خاتمے کے لیے پاکستان اور ہندوستان کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے.

پاک ۔ ہند خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے خارجہ سیکریٹریز کے درمیان مذاکرات کے لیے کسی تاریخ کا تعین نہیں ہوا تھا اور اس حوالے سے تاریخ طے کرنے کے لیے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی زیر صدارت عسکری اور سیاسی قیادت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے کئی افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں : پٹھان کوٹ حملہ: پاکستان میں جیش محمد کے دفاترسیل

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے نام لیے بغیر پاکستانی افسران کے حوالے سے بتایا تھا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں کالعدم جیش محمد گروپ کے سربراہ مسعود اظہر، ان کے بھائی رؤف اور بہنوئی بھی شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے داعش کے حوالے سے افغان سفیر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے حوالے سے افغان سفیر کا بیان بے بنیاد ہے، جبکہ کسی ثبوت کے بغیر الزام تراشی سے گریز کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : ’پاکستان سے فرار دہشت گرد داعش میں شامل‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی نے ایک سمینار سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ فاٹا کی اورکزئی اور مہمند ایجنسی میں فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہونے والے 70 فیصد دہشت گردوں نے افغانستان آکر داعش میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔