حریت پسند کمانڈر کی تدفین، کشمیر میں جھڑپیں

سرنگر کے نواح میں ایک حریت پسند کمانڈر کے جنازے میں شریک ہزاروں مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس کی آنسو گیس شیلنگ، جھڑپیں.

سرینگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک حریت پسند کمانڈر کے جنازے میں شریک ہزاروں مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس کی آنسو گیس شیلنگ کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

حریت پسند کمانڈر سجاد احمد بھٹ پیر کی رات سری نگر کے مضافات میں مبینہ طور پر سرکاری فورسز سے جھڑپ میں ہلاک ہو گئے تھے۔

پولیس انسپکٹر جنرل سید جاوید مجتبی گیلانی نے دعویٰ کیا کہ بھٹ گزشتہ ایک دہائی سے عسکریت پسندی میں ملوث تھے۔

منگل کو بھٹ کے آبائی گاؤں میں جنازے اٹھائے ہزاروں لوگوں نے ہندوستان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے علاقے کو باقی انڈیا سے جوڑنے والی شاہراہ بند کرنے کی کوشش کی۔

پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے بعد نوجوانوں نے سیکیورٹی فورسز پر پتھراؤ شروع کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، سینکڑوں لوگ مختلف راستوں سے قبرستان پہنچے اور بھٹ کی تدفین میں حصہ لیا۔ ابھی تک جھڑپوں میں کسی زخمی کی اطلاع نہیں ملی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔