لائف اسٹائل

عاطف اسلم فلم فیئر ایوارڈز کے لیے نامزد

انھیں فلم 'بدلہ پور'کے گانے 'جینا جینا' پر بہترین پلے بیک سنگر (میل) کیٹگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

مشہور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو ہندوستان کے فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین پلے بیک سنگر (میل) کیٹگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے.

عاطف اسلم کو بولی وڈ فلم 'بدلہ پور' کے گانے 'جینا جینا' کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جس نے پاکستان اور ہندوستان میں ان کے شائقین کے دِلوں کو چھو لیا تھا.

مذکورہ کیٹگری میں عاطف اسلم کے ساتھ انکت تیواری اپنے گانے 'تو ہے کہ نہیں' (فلم رائے)، ارجیت سنگھ اپنے گانے 'گیروا' (فلم دل والے) اور 'سورج ڈوبا' (فلم رائے)، پپون اپنے گانے 'موہ موہ کے دھاگے' (فلم دم لگا کے ہئی شا) اور وشال دادلانی اپنے گانے 'گلابو' (فلم شاندار) کے لیے نامزد ہیں.

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ عاطف اسلم کو فلم فیئر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، اس سے قبل انھیں 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم 'زہر' کے گانے 'وہ لمحے'، 2006 میں ریلیز کی گئی فلم ' بس اک پل' کے گانے 'تیرے بن' اور 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم 'عجب پریم کی غضب کہانی' کے گانے 'تو جانے نا' کے لیے بھی نامزد کیا جاچکا ہے.

اس کے ساتھ ساتھ عاطف اسلم زی سینما ایوارڈز اور اپسرا فلم پروڈیوسرز گلڈ ایوارڈز کے لیے بھی نامزد ہوچکے ہیں.

کافی عرصے بعد عاطف، گذشتہ دنوں پاکستان میں کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں جلوہ گر ہوئے جبکہ انھوں نے پاکستانی فلم 'ہو من جہاں' کے گانے 'تو دل کرے' میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا.

یاد رہے کہ گذشتہ برس پاکستانی اداکار فواد خان نے فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین ڈیبیو اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.