پاکستان

انڈیا نے 75 پاکستانیوں کی ویزا درخواستیں رد کر دیں

پاکستانی گروپ آگرہ کے قریب ایک مزار کی زیارت کرنے کا خواہش مند تھا، رپورٹ.

نئی دہلی: انڈیا نے آگرہ کے قریب ایک مزار کی زیارت کے خواہش مند 75 پاکستانیوں کی ویزا درخواستیں ’طریقہ کار کی بنیاد‘ پر رد کر دیں۔

این ڈی ٹی وی نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے حوالے سے بتایا کہ پاکستانی گروپ حافظ عبداللہ شاہ مزار کی زیارت کرنا چاہتا تھا لیکن 18 سے 11 جنوری کے درمیان انہیں انڈیا میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے کہا ’ویزا مسترد کرنے کا فیصلہ 1974 میں دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی مقامات کی زیارت کے پروٹوکول اصولوں اور دونوں ملکوں کی اعلی قیادت کے ویژن کے خلاف ہے‘۔

تاہم، ہندوستانی حکام نے کہا کہ پروٹوکول کے تحت درخواست گزاروں کی معاونت کیلئے ایک انتظامی کمیٹی یا پھر مقامی حکام کا ہونا ضروری ہے۔

انڈین حکام نے دعوی کیا کہ اس کیس میں کوئی انتظامی کمیٹی یا مقامی حکام گروپ کی معاونت کیلئے تیار نہیں تھے۔

خیال رہے کہ اکتوبر میں اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں جب پاکستانی شہریوں کو انڈیا میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے ویزا جاری نہیں کیے گئے۔

جون، 2015 میں پاکستان کی انڈر-17 ریسلنگ ٹیم کی سالانہ کیڈٹ ریسلنگ چیمپئن شپ میں حصہ لینے کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب انڈین ہائی کمیشن نے انہیں ویزے دینے سے انکار کر دیا۔

اسی طرح، دسمبر، 2015 میں پاکستان والی بال ٹیم میں اٹھارہ سے بیس دسمبر تک کیرالہ میں کھیلی گئی بیچ والی بال چیمپئن شپ میں حصہ لینے سے محروم رہ گئی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.