عامر کی واپسی پر اعتراض نہیں، کیوی کوچ
نیوزی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ ڈمٹری میسکرینس نے پیر کے روز ٹیم میں واپسی کررہے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کی توجہ عامر کی گیند بازی پر ہے، ماضی پر نہیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ عامر ایک بہت اچھے باؤلر ہیں اور ہمارے لیے وہ بس ایک اور ایسے کھلاڑی ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر کی واپسی سے میری جگہ ختم نہیں ہوئی: جنید
انہوں نے کہا کہ عامر اپنی سزا پوری کرچکے ہیں اور کرکٹ میں واپسی کے مستحق ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کوچ کے مطابق پاکستان کے پاس بائیں ہاتھ کے تیز گیند بازوں کی تعداد زیادہ ہے جس کا مقابلہ مضبوط حکمت عملی سے کرنا ہوگا اور یہ ایک نئے قسم کا چیلنج ہوگا۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں وہاب ریاض اور محمد عامر شامل ہیں جبکہ ون ڈے میں ان دونوں باؤلرز کے علاوہ محمد عرفان بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
میسکرینس کے مطابق پاکستانی گیند باز تیز رفتار سے باؤلنگ کرتے ہیں جو ہمارے بلے بازوں کے لیے ایک چیلنج ہوگا۔
اس سے قبل کیوی کپتان برینڈن مکلم بھی عامر کی واپسی کی حمایت کرچکے ہیں۔
پاکستان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 15 جنوری کو کھیلے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.