دنیا کی پہلی ویئرایبل ٹرانسلیٹنگ ڈیوائس
ہوسکتا ہے اسکائپ میں آپ کو رئیل ٹائم ٹرانسلیشن یا ترجمے کو استعمال کرنے کا موقع ملا ہو مگر کیا آپ کسی غیرملکی فرد سے چلتے پھرتے یا کہیں بھی اس کی زبان جانے بغیر بات چیت کرنا چاہتے ہیں؟
اگر ہاں تو اس کا جواب ہے Ili ویئرایبل ٹرانسلیٹر۔
یہ ایک ہار یا نیکلس کی شکل کی ڈیوائس ہے جس کو استعمال کرنے کے لیے جب آپ کچھ کہیں تو بولنے کے بعد ایک بٹن دبا دیں یہ خودکار طور پر آپ کے پیغام کا ترجمہ اونچی آواز میں آپ کی منتخب کردہ زبان میں کردے گی۔
فی الحال اس میں انگش، جاپانی اور چینی زبانوں کی سہولت موجود ہے جبکہ جلد فرنچ، تھائی، کورین، اسپینش، اٹالین اور عربی زبان کو بھی اس کا حصہ بنادیا جائے گا۔
اس وقت اسمارٹ فونز پر ترجمے کے لیے متعدد اپلیکشنز استعمال کی جاسکتی ہیں مگر Ili کی انفرادیت یہ ہے کہ اسے کام کرنے کے لیے کسی انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں۔
اس میں کمپنی نے 50 ہزار الفاظ کی لغت بلٹ ان کر رکھی ہے اور اس کے اسپیکر سے اتنی اونچی آواز نکلتی ہے کہ ہر ایک باآسانی سن سکتا ہے۔
درحقیقت یہ اپنی طرز کی منفرد ڈیوائس ہے جو کافی حد تک زبان کی عدم واقفیت کے باعث درپیش مشکلات کا حل ثابت ہوتی ہے۔
یہ ڈیوائس لاس ویگاس میں ہونے والی ٹیکنالوجی نمائش کے دوران پیش کی گئی تھی جس کی قیمت 200 ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔
تاہم اسے خریدنے کے لیے رواں سال موسم گرما تک انتظار کرنا ہوگا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔