کراچی: شہری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں میں ہاتھاپائی
کراچی : کراچی کے علاقے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ اور کلب روڈ پر پی آئی ڈی سی ہاؤس کے قریب واقع ٹریفک پولیس چوکی پر موٹر سائیکل پارک کرنے کے معاملے پر ایک شہری اور ٹریفک پولیس اہلکار کے درمیان تلخ کلامی کے بعد بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور شہری نے ہیلمٹ سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا.
ٹی وی پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار اور مذکورہ شہری شفیق نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے اور شہری نے مشتعل ہوکر ٹریفک پولیس اہلکار کی گاڑی کے شیشے توڑدیئے.
بعدازاں شفیق کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا.
ڈان نیوز کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شفیق کو پی آئی ڈی سی ہاؤس کے نزدیک واقع ٹریفک پولیس چوکی کے قریب موٹر سائیکل پارک کرنے سے منع کیا گیا۔
مذکورہ شہری نے ٹریفک پولیس اہلکار سے بحث کی اور کہا کہ اسے موٹرسائیکل پارک کرنے کی اجازت ہونی چاہیے کیوں کہ دیگر گاڑیاں بھی یہاں پارک کی گئی ہیں اور اجازت نہ ملنے پر شہری اور ٹریفک پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی ہاتھا پائی تک جاپہنچی.
بعدازاں پولیس اور رینجرز سمیت دیگر سیکیورٹی اہلکار بھی موقع پر پہنچے اور مذکورہ شہری کو قریبی تھانے منتقل کردیا گیا.
مذکورہ شخص کے گھر والے بھی تھانے پہنچے اور انھوں نے دعویٰ کیا کہ موٹرسائیکل سوار شخص نفسیاتی مریض ہے اور اس کا علاج جاری ہے.
ڈان نیوز کے مطابق ملزم نے تھانے میں سیاسی نعرے بھی لگائے.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔