پاکستانی سیاسی پارٹیاں سی پیک پر باہمی اختلافات ختم کریں، چین
اسلام آباد: پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پاکستان میں سیاسی تقسیم کا نوٹس لیتے ہوئے چین نے زور دیا ہے کہ سیاسی تنظیمیں اختلافات ختم کرتے ہوئے منصوبہ مکمل کرنے کیلئے سازگار حالات پیدا کریں۔
چین نےامید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں سیاسی تنظیمیں رابطے اور تعلقات مضبوط کرتے ہوئے مختلف منصوبوں کی تکمیل کیلئے موزوں حالات پیدا کریں گی۔
اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے ہفتہ کو کہا ’دونوں ملکوں کی عوام کیلئے فائدہ مند سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہم پاکستانیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اربوں ڈالرز مالیت کا سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان اتفاق رائے کا نتیجہ ہے اور اسے دونوں ملکوں کی عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
’سی پیک سے پاکستان کو ناصرف مجموعی فائدہ ہو گا بلکہ اس سے یہاں کی عوام بھی مستفید ہو گی‘۔