دنیا

مودی کا پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ

مودی نے سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ سازی، اس پر عمل درآمد اور مختلف فیلڈ یونٹس کے درمیان مربوط ہم آہنگی کو سراہا.

نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ کرتے ہوئے ملک کی سیکیورٹی فورسز کو سراہا ہے۔

مودی نے ہفتہ کو ریاست پنجاب میں پاکستانی سرحد کے قریب دہشت گردوں کے حملے کا شکار بننے والی ائیر بیس کا دورہ اور فضائی سروے کیا۔

یہ دورہ ایسے وقت ہوا جب اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھاری ہتھیاروں سے لیس مٹھی بھر دہشت گردوں کے ایک اہم فوجی اڈے پر حملے کو ’سیکیورٹی کی سنگین ناکامی‘ قرار دیا۔

مودی کو ایئربیس دورے کے دوران فوج اور فضائیہ کے اعلی افسران نے بریفنگ بھی دی، جس کے بعد مودی نے ٹوئٹر پر سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ سازی، اس پر عمل درآمد اور مختلف فیلڈ یونٹس کے درمیان مربوط ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں فوجیوں کی بہادری اور عزم پر فخر ہے۔

خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جمعہ کو کہا تھا کہ انہوں نے بالآخر ایک طویل سرچ آپریشن کے بعد وسیع و عریض ایئربیس کو کلیئر کر دیا ہے۔

مودی نے رواں ہفتے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

انڈین وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق، نواز شریف نے مودی کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت ’فوری اور فیصلہ کن‘ کارروائی کرے گی۔

پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے ایک ایسے وقت پر ہوا جب دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لیے کچھ پیشرفت ہوئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔