فیس بک آپ کے فون نمبر کو ختم کرنے کی خواہشمند
فیس بک نے اب اپنے صارفین کے فون نمبرز کو ختم کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔
سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی میسنجر ایپ کی مقبولیت سے فون نمبر کے خاتمے کا آغاز ہوگیا ہے۔
مائی اسپیس اور دیگر درجنوں سوشل نیٹ ورکس کا خاتمہ کرنے کے بعد اب فیس بک نے اپنا ہدف فون نمبرز کو بنایا ہے۔
فیس بک کے میسجنگ پراڈکٹ کے نائب صدر ڈیوڈ مارکوس نے کہا ہے کہ میسنجر کی بڑھتی مقبولیت کے باعث اب فون نمبروں کے دن گنے جاچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا 'خود سوچیں ایس ایم ایس فلپ فونز میں کتنے عام تھے، مگر اب اپنے فونز پر اب میسجنگ اپلیکشنز کا استعمال کرتے ہیں اور ان کی مدد سے فون کالز اور تحریری پیغامات بھی کرلیتے ہیں'۔
ان کا ماننا ہے کہ پرانے موبائل فونز کا عہد ختم ہونے بعد زیادہ بہتر، پرتنوع کمیونیکشن کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میسنجر کے ذریعے ہم لوگوں کو ٹیکسٹ کی سہولت تو دے ہی رہے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ تصاویر، ویڈیوز، وائس کلپس، جی آئی ایف، آپ کی لوکیشن، اسٹیکرز وغیرہ کی پیشکش بھی کررہے ہیں اور لوگ اس سے رقوم بھی بھیج سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ ویڈیو اور وائس کالز کرنا بھی ممکن ہے اور اس کے لیے فون نمبر کی ضرورت نہیں۔
اور یہ بات اس حد تک تو ٹھیک ہے کہ میسنجر کو استعمال کرنے کے لیے فیس بک اکاﺅنٹ بنانے کی بھی ضرورت نہیں اور یہ ڈیسک ٹاپ اور ٹیبلیٹس استعمال کرنے والوں کے لیے پرکشش ایپ ہے۔
خیال رہے کہ فیس بک نے جمعرات کو ہی اعلان کیا ہے کہ میسنجر کے صارفین کی تعداد 80 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور یہ 2015 میں سب سے زیادہ سے فروغ پانے والی ایپ ثابت ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔