’پیپلز چوائس ایوارڈ‘ پریانکا چوپڑا کے نام
فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کی شاندار کامیابی نے بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے لیے سال 2015 تو یادگار بنایا ہی لیکن سال 2016 اپنے آغاز سے ہی اداکارہ کے لیے خوشگوار لمحات لے کر آیا ہے۔
بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا، جنہوں نے امریکی ڈرامہ سیریز ’کوانٹیکو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا، اب اپنی بہترین اداکاری کے باعث ’پیپلز چوائس ایوارڈ‘ اپنے نام کرلیا۔
انہیں یہ ایوارڈ ’نئے ٹی وی سیریز کی پسندیدہ اداکارہ‘ کی کٹیگری میں دیا گیا جس کے بعد وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئیں۔
واضح رہے کہ پیپلز چوائس ایوارڈ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا وہ واحد ایوارڈ ہے جس کا فیصلہ مکمل طور پر لوگوں کے ووٹ سے ہوتا ہے۔
ایوارڈ کی اس کٹیگری میں پریانکا چوپڑا کا جیمی لی کرٹس، ایما روبرٹس، مارسیا گے ہارڈن اور لیا مشل سے مقابلہ تھا، لیکن ٹی وی سیریز میں پہلے ایف بی آئی ایجنٹ اور پھر مشتبہ دہشت گرد کی بہترین اداکاری کرنے والی پریانکا نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ایوراڈ حاصل کرنے کے فوراً بعد اداکارہ نے ٹوئٹر کا رخ کیا اور اپنے لیے ووٹ کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
کوانٹیکو کو ’بہترین نیو ڈرامہ‘ کی کٹیگری کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا تاہم یہ ایوارڈ ’سپر گرل‘ نے جیت لیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔