لائف اسٹائل

اسٹار وارز امریکی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم

اسٹار وار سیریز کی ساتویں فلم آج امریکا اور کینیڈا میں ’اواتار‘ کی ریکارڈ توڑ دے گی.

بلاک بسٹر فلم ’اسٹار وارز: دی فورس آکنز‘ بدھ کو جیمز کیمرون کی ’اوتار‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امریکا اور کینیڈا کی تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بننے جا رہی ہے۔

والٹ ڈزنی اسٹوڈیو نے بتایا کہ منگل کو امریکا اور کینیڈا میں فلم کی ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی 758.2 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی تھی اور توقع ہے کہ آج یہ ’اوتار‘ کی ریکارڈ ٹکٹ سیل 760.5 ملین ڈالرز کو پیچھے چھوڑ دے گی۔

ڈزنی کا کہنا ہے کہ ریلیز کے تین ہفتوں بعد اسٹار وارز اب تک دنیا بھر میں 1.5 ارب ڈالرز کما کر تاریخ کی چوتھی کامیاب ترین فلم بن چکی ہے ۔

باکس آفس کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اوتار کے 2.8 ارب ڈالرز کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے کیلئے ضروری ہے کہ اسٹار وارز چین میں اچھا کاروبار کرے۔

40 سالوں میں سٹار وارز سیریز کی ساتویں فلم ’دی فورس آکنز‘ بے پناہ مارکیٹنگ کے بعد 16 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔

اسٹار وارز فرنچائز کے خالق جارج لوکس نے 2012 میں 4.05 ارب ڈالرز کے عوض اسے ڈزنی کو فروخت کر دیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں