دنیا

افغانستان حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک، دو زخمی

ہلمند میں افغان-امریکا مشترکہ آپریشن کے دوران زمین پر موجود ایک ہیلی کاپٹر کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا، رپورٹس

کابل: طالبان اور سرکاری فورسز کے درمیان شدید لڑائی سے متاثرہ افغان صوبے ہلمند میں ایک امریکی فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

افغانستان میں موجود امریکی فورسز کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل ولسن شوفنر نے ایک بیان میں بتایا کہ ہلاک ہونے والا امریکی فوجی مرجاح کے قریب آپریشنز میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لا سکا۔

ریسولوٹ سپورٹ مشن کے ترجمان اور امریکی کرنل مائیکل لاہورن نے کہا ’ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ایک امریکی ہیلی کاپٹر مرجاح میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے اترا ناکہ اسے کسی نے ہدف بنایا‘۔

این بی سی ٹی وی چینل کے مطابق، انسداد دہشت گردی کے ایک آپریشن کے دوران امریکی سپیشل فورسز شدید گولہ باری اور چھوٹے اسلحہ کی زد میں آئیں۔

سی این این نے کہا کہ افغان-امریکا مشترکہ آپریشن کے دوران زمین پر موجود ایک میڈیکل ہیلی کاپٹر کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ پچھلے چھ مہینوں سے طالبان اور افغان فورسز ہلمند میں مدمقابل ہیں۔

ہلمند کے گورنر نے دسمبر میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کئی مہینوں کی شدید جھڑپوں کے بعد ان کا صوبہ طالبان کے ہاتھوں میں جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، امریکی سپیشل آپریشن فورسز حالیہ کچھ ہفتوں سے ہلمند میں جاری لڑائی میں حصہ لے رہی تھیں۔ کابل میں نیٹو ہیڈ کواٹرز نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی۔