پاکستان

فیس بک پر تنقید، طالب علم یونیورسٹی سے برخاست

فیصل آباد زرعی یونیورسٹی میں ہونے والے کسان میلے پر تنقید پی ایچ ڈی طالب علم کاشان حیدر کو مہنگی پڑ گئی۔

فیصل آباد: فیصل آباد زرعی یونیورسٹی میں ہونے والے کسان میلے پر تنقید پی ایچ ڈی کے ایک طالبعلم کو مہنگی پڑ گئی۔

ایگریکلچر ایکٹینشن میں ڈاکٹریٹ کرنے والے طالبعلم کاشان حیدر نے فیس بک پر میلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا میوزک کنسرٹ دیہی زندگی کی عکاسی نہیں کرتا، اور اسکا کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں۔

اس پر زرعی یونیورسٹی انتظامیہ نے بی ایس آنرز میں ٹاپ اور ماسٹر میں سلور میڈل حاصل کرنے والے کاشان کو یونیورسٹی سے برخاست کر دیا۔

کاشان کا دعوی ہے کہ انہوں نے تین بار تحریری معافی نامہ بھی جمع کرایا لیکن اسکے باوجود انہیں نکال دیا گیا۔

میڈیا پر واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد پنجاب کے وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ نے نوٹس لے کر یونیورسٹی انتظامیہ سے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ مانگ لی۔

کاشان پچھلے سات سال سے اس یونیورسٹی کے طالبعلم تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعہ پر کسی بھی قسم کا مؤقف دینے سے انکار کر دیا۔