پشاور میں ایک ویک اینڈ
پشاور میں ایک ویک اینڈ
لان کے خوبصورت پرنٹس۔ مجھے پشاور یہی چیز کھینچ لے گئی۔ اپنی پشاوری دوستوں کو وہ ریڈی میڈ شرٹس پہنے دیکھ کر میں نے سوچا کہ میں بھی پشاور میں ایک ویک اینڈ گزاروں۔
اسلام آباد سے پشاور کا سفر ڈھائی سے تین گھنٹے کا ہے۔ شہر میں داخل ہوتے ہی آپ کے سامنے قلعہ بالا حصار ہوتا ہے، جسے میں اپنے کیمرا میں قید کرنے میں ناکام رہی، کیونکہ مجھے بتایا گیا تھا کہ یہاں گاڑی روکنا سکیورٹی اہلکاروں کو ناپسند ہوسکتا ہے۔
قلعہ عام شہریوں کے لیے علاقہء ممنوع ہے اور دوسری تمام اہم عمارتوں کی طرح اس کی سکیورٹی بھی انتہائی سخت تھی۔ ایک دفعہ جب آپ چیک پوائنٹ پار کر جائیں، تو آپ کینٹونمنٹ کے علاقے میں داخل ہوتے ہیں، اور کینٹونمنٹ علاقوں کی خوبصورتی ملک بھر میں ایک جیسی ہی ہوتی ہے۔
تھوڑا آرام کرنے کے بعد ہم صدر میں واقع شفیع مارکیٹ کی جانب چل دیے۔ راستے میں ہم مال روڈ سے گزرے اور میں ڈان کے دفتر کی تصویر لیے بغیر نہ رہ سکی جو خوشگوار موسم میں نہایت خوبصورت لگ رہا تھا۔