کھیل

خاتون سے'بدتمیزی'، گیل پر10ہزار ڈالر جرمانہ

آسٹریلیا بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز نے کرس گیل کو ٹی وی انٹرویو کے دوران خاتون سے نامناسب گفتگو پر جرمانہ کردیا

سڈنی: ویسٹ انڈیز کے مشہور بلے باز کرس گیل کو آسٹریلیا کی ڈومیسٹک بگ بیش لیگ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میلبورن رینیگیڈز نے خاتون صحافی سے انٹرویو کے دوران نامناسب گفتگو پر دس ہزار آسٹریلوی ڈالر جرمانہ کردیا۔

کرس گیل نے کہا تھا کہ وہ عام مذاق تھا جسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے لیکن رینیگیڈز نے تمام حلقوں کی جانب سے اس واقعے کی مذمت پر جارح مزاج بلے باز کو سزا سنا دی۔

میلبورن رینیگیڈز کے چیف ایگزیکٹیو اسٹورٹ کوونٹری نے کہا کہ"کرس گیل کی گفتگو مکمل طور پر نامناسب اور آداب کے منافی تھی، اس طرح کی گفتگو کے لیے میبلورن رینیگیڈز میں کوئی جگہ نہیں"۔

ان کا کہنا تھا کہ کلب خاتون رپورٹر مل مکلاگلن سے معذرت کرے گا، ہمیں ان کا احترام کرتے ہیں، کلب اور کھلاڑی مستقبل میں احترام اور پروفیشنل رشتہ قائم رکھتے ہوئے ان کے ساتھ کام کو یقینی بنائیں گے۔

کلب کے چیف نے کہا کہ ان کی کرس گیل سے اس معاملے پر بات ہوئی اور انھوں نے غلطی تسلیم کی ہے۔

کرس گیل نے تسمانیہ میں کھیلے گئے میچ میں 15 گیندوں پر 41 رنز بنائے تھے اور کلب کو کا میابی سے ہمکنار کیا تھا. اسی دوران چینل کی رپورٹر میک لاگلن نے ان سے براہ راست بات کی تھی اور دوران گفتگو انھوں نے خاتون کو نامناسب جملے کہے۔

واقعے کے فوری بعد بگ بیش لیگ نے اس گفتگو کی مذمت کی تھی۔

گیل نے منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے جملے کے جواب میں عوامی ردِعمل ’حد سے تجاوز کر گیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے اس میں کچھ بھی ایسا نہیں تھا جو توہین آمیز یا ناگوار ہو۔ اگر اُنھیں ایسا لگا تو میں اس کے لیے بہت معذرت خواہ ہوں۔

"اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا اور جیسا کہ میں نے کہا کہ میں اس بات کو وہیں چھوڑ آیا ہوں، میں اس پر معذرت خواہ ہوں، سادہ سی بات ہے ہمیں اب آگے بڑھ جانا چاہیے"۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ گیل کے یہ جملے براہ راست حملہ تھا اور اس میں کوئی مذاق نہیں تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ باش کھیلنے کیلئے کرس گیل نے ڈھائی ڈالر کی خطیر رقم کا معاہدہ کیا ہوا ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.