پاکستان

اسلام آباد-پشاور موٹر وے : دھماکے سے ایک اہلکار زخمی

فوجی ٹرک کو نشانہ بنانے کے لیے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا، موٹر وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا.
|

پشاور: اسلام آباد- پشاور موٹر وے پر ریموٹ کنٹرول دھماکے سے سیکیورٹی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

موٹر وے پر ہونے والے دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا جبکہ فوجی ٹرک کو شدید نقصان پہنچا۔

فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق موٹر وے پر ٹول پلازہ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی گاڑی جیسے ہی ٹول پلازہ کے قریب سے گزری اس دوران سڑک کنارے نصب بم سے ریمورٹ کے زریعے دھماکا کیا گیا۔

نشانہ بنائی جانے والی فوجی گاڑی میں 11 اہلکار سوار تھے۔

دھماکے سے گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 4 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

بعد ازاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی کی جانب صحافیوں کو کی گئی ایک ای میل میں اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی گئی۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے موٹر وے کو بند کر دیا جبکہ اس کی فضائی نگرانی شروع کر دی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں