ہندوستان: ایئر بیس کو حملہ آوروں سے چھڑانے کا آپریشن مکمل
پٹھان کوٹ: ہندوستان کی ریاست پنجاب میں ایئر فورس بیس کو دہشت گردوں سے چھڑانے کا ایک بڑا آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
پٹھان کوٹ ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل کنور وجے پرتاب سنگھ نے آپریشن مکمل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چار حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
سنگھ نے فوجی وردیوں میں ملبوس دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تین سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی خبروں کی تصدیق نہیں کی۔
انڈین فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ستیش دعا نے ٹی وی صحافیوں سے گفتگو میں دعوی کیا کہ ’حملہ آور جیش محمد تنظیم سے تھے اور گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی‘۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق، پٹھان کوٹ ایئر بیس پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں ہندوستانی ایئر فورس کے 3 اہلکار جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق، حملہ مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے شروع ہوا اور چار سے پانچ حملہ آور فوجی وردیوں میں ملبوس تھے۔