راحت فتح علی خان ہندوستان سے ڈی پورٹ
حیدر آباد: ہندوستانی حکام نے پاکستانی گلوکار استاد راحت فتح علی خان کو ہندوستان میں داخلے سے روکتے ہوئے حیدر آباد پہنچتے ہی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے واپس ابوظہبی بھیج دیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق راحت فتح علی خان حیدر آباد کے ’تاج فلک نما پیلیس‘ میں سال نو کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے ہندوستانی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد پہنچے تھے، تاہم ایئرپورٹ حکام نے انہیں تکنیکی بنیادوں پر ہندوستان سے ڈی پورٹ کیا۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری ہندوستان میں صرف چار شہروں نئی دہلی، ممبئی، کولکتہ اور چنئی کے علاوہ کسی اور شہر سے داخل نہیں ہوسکتے، جس کے باعث راحت فتح علی خان کو حیدر آباد سے اسی پرواز سے واپس ابوظہبی بھیج دیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ پاکستانی شہریوں کی ہندوستان میں آمد و رفت پر باآسانی نظر رکھی جاسکے۔
تقریب کی انتظامیہ کی ٹیم کی ممبر اپوروا کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان کی پرفارمنس مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے طے تھی، تاہم غیر متوقع طور پر ڈی پورٹ کیے جانے کے باعث اب ان کی پرفارمنس رات 11 بجے شیڈول کی گئی ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راحت فتح علی خان اب ابوظہبی سے نئی دہلی اور پھر وہاں سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے حیدر آباد پرفارم کرنے پہنچیں گے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.