حکومت سندھ کی پاکستان اسٹیل خریدنے میں دلچسپی
پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔
سینیٹ کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے مطابق سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور ان پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹیل ملز سندھ کو دینے کی پیش کش
خط میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن اسٹیل ملز سے متعلق صوبائی حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرے، وفاقی حکومت اسٹیل ملز کی نجکاری کے لیے شرائط و ضوابط سے آگاہ کرے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسٹیل ملز کے واجبات اور قرضوں کی تفصیلات سندھ حکومت کو فراہم کی جائیں، ٹرم آف ریفرنس طے کرنے کے بعد سندھ حکومت کے ساتھ اسٹیل ملز کی خریداری کا معاہدہ طے کیا جائے۔
سلیم مانڈوی والا کے مطابق وفاقی حکومت کو بھیجے گئے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ وہ کن شرائط کے ساتھ پاکستان اسٹیل ملز سندھ حکومت کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔
سندھ حکومت کا موقف ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز قومی اثاثہ ہے جسے ذوالفقار علی بھٹو نے قائم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی ری اسٹرکچرنگ سے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے نجکاری کمیشن کے ذریعے سندھ کو پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کی پیش کش کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل مل 1984 میں قائم کی گئی تھی جس کے ملزامین کی تعداد 15274 ہے جبکہ اس میں 20 صنعتی یونٹ موجود ہیں۔
خیال رہے کہ نجکاری کمیشن بورڈ پہلے ہی پاکستان اسٹیل ملز کی ٹرانسیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکا ہے اور مالیاتی مشیر بھی مقرر کردیا گیا ہے۔