اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو مل بیٹھ کر حل کرنا چاہتے ہیں، لیکن کراچی آپریشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔
ڈان نیوز کے مطابق ملاقات میں سندھ میں رینجرز کے اختیارات اور کراچی میں جاری آپریشن پر 9 ارب روپے کے اخراجات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ملاقات میں وفاق کی مداخلت کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن جاری رہنا چاہیے، ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اس حوالے سے وفاق کی مداخلت صوبائی خود مختاری کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز کی گرفتاریوں کو لے کر بیوروکریسی اور سیاسی شخصیات میں بے چینی پائی جاتی ہے اور لوگ ڈرنے لگے ہیں کہ کب کس کو گرفتار کرلیا جائے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو مل بیٹھ کر حل کرنا چاہتے ہیں، لیکن کراچی آپریشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سندھ کے وزراء مراد علی شاہ اور سہیل انور سیال بھی ملاقات میں شریک ہیں۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، کراچی میں آپریشن تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے کیا جارہا ہے، جس سے شہر میں 80 فیصد امن و امان قائم ہوا ہے۔