پاکستان

پشاور میں شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح

شوکت خانم ہسپتال ایک معجزہ ہے اور یہاں ہر خاص و عام کا علاج کیاجائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پشاور میں شوکت خانم ہسپتال ایک معجزہ ہے اور یہاں ہر خاص و عام کا علاج کیا جائے گا.

پشاور میں شوکت خانم ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے لوگوں کی تکلیف اور مایوسی دیکھ کر ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا.

خیال رہے کینسر کے علاج کا یہ دوسرا ہسپتال ہے جو کہ عمران خان نے تعمیر کروایا ہے، اس سے قبل وہ لاہور میں ایک شوکت خانم ہسپتال تعمیر کروا چکے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 'عقل کا غلام ' نہیں صرف اللہ تعالیٰ پر یقین رکھنے والا ہی ایسا ہسپتال بناسکتا ہے اور انھیں اس دن کا سالوں سے انتظار تھا.

عمران خان نے ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا کوئی بھی عام شہری کینسر کا مہنگا علاج نہیں کراسکتا، لیکن شوکت خانم اسپتال میں ہر خاص و عام کا علاج کیا جائے گا.

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ہسپتال ان کا ایک ایسا خواب تھا جسے تعبیر مل گئی ہے.

اس سے پہلے کینسر میں مبتلا 7 سالہ بچے فاخر نے ہسپتال کا افتتاح کیا، فاخر آفریدی شوکت خانم ہسپتال لاہور میں زیرعلاج ہے۔

دوسری جانب ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر تقریب کے باہر پشاور کے ناظمین اور کونسلرز نے اختیارات، دفاتر اور فنڈ سے محرومی پر احتجاج کیا۔

بلدیاتی نمائندوں نے عمران خان کو ہسپتال میں جانے سے روکنے کے لیے گیٹ کا گھیراؤ کیا جبکہ پولیس کی مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش پر تلخ کلامی بھی ہوئی، عمران خان کے پہنچنے پر پولیس نے مظاہرین کو ہسپتال کے دروازے سے ہٹا دیا اور کئی افراد کو حراست میں بھی لیا۔

علاوہ ازیں پشاور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ نے بھی فیسوں میں اضافے اور داخلے نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے شوکت خانم کے گیٹ پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو روک لیا تاہم بعد میں وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی پر اُن کو تقریب میں شرکت کرنے کے لیے جانے دیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں