پاکستان

رینجرز کا کراچی آپریشن جاری رکھنے کا عزم

رینجرز کے مطابق کالعدم جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے مبینہ 'عسکری ونگز' کے خلاف ٹارگٹ چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

کراچی : رینجرز کے اختیارات میں توسیع پر وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان تنازع پر خاموشی اختیار کرنے کے بعد اس پیرا ملٹری فورس نے اب 'پوری طاقت' کے ساتھ ٹارگٹ کلرز، دہشتگردوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

رینجرز کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق کالعدم جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے مبینہ 'عسکری ونگز' کے خلاف ٹارگٹ چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

رینجرز نے ہفتہ کو اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیموں اور 'عسکری ونگز' کے خلاف چھاپوں کے دوران چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق " یہ گرفتاریاں بلال کالونی، لیاری، الفلاح، گلستان جوہر اور گلبرگ کے علاقوں میں ہوئیں"۔

رینجرز ترجمان نے کہا کہ حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد کا تعلق کالعدم عسکریت پسند گروپس سے تھا تاہم ایک شخص ایک سیاسی جماعت کے 'عسکری گروپ' سے تعلق رکھنے والا بھتہ خور تھا۔

تاہم رینجرز عہدیدار نے سیاسی جماعت کا نام بتانے سے گریز کیا۔

رینجرز نے بیان میں عزم ظاہر کیا ہے کہ کہ آپریشن پوری طاقت سے آخری دہشتگرد، ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔

رینجرز نے کراچی کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اپنے ارگرد مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھیں اور رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر فون یا ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت داخلہ نے سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں 60 روز کی توسیع کی تھی۔

مزید پڑھیں : رینجرز کو سندھ میں غیر مشروط اختیارات مل گئے


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔