پاکستان

رینجرز کو سندھ میں غیر مشروط اختیارات مل گئے

چوہدری نثار کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا اہم اجلاس، سندھ حکومت کی اختیارات میں مشروط توسیع مسترد.

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کافی سوچ و بچار کے بعد سندھ رینجرز کے اختیارات میں بغیر کسی شرط یا ردوبدل کے 60 دنوں کی توسیع کر دی۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کچھ دن پہلے محدود اختیارات کے ساتھ رینجرز کے قیام میں توسیع کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو سمری بھجوائی تھی۔

تاہم، وفاقی حکومت نے سمری مسترد کرتے ہوئے منگل کے روز سندھ حکومت کو ایک خط کے ذریعے ہدایت کی کہ بغیر شرائط عائد کیے ہوئے نئی سمری تیار کی جائے۔

آج وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں وزارت کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر تفصیلی غور وخوض ہوا۔

بعد ازاں، ترجمان وزارت داخلہ نے بتایا کہ سندھ رینجرز کے وہی اختیارات ہوں گے جو پہلے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کراچی میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کام کر رہی ہے جو کہ وفاق کا قانون ہے۔ اس میں سندھ اسمبلی کوئی تبدیلی نہیں کرسکتی۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں سندھ حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.