'افغان پارلیمنٹ کا افتتاح مودی کریں گے'
ہندوستان کی جانب سے بطور تحفہ تیار کی گئی افغان پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کریں گے۔
افغان ٹی وی طلوع نیوز نے ہندوستانی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نئی دہلی میں ایوان وزیراعظم تمام اسٹیک ہولڈرز پر دباؤ بڑھا رہا ہے کہ عمارت کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ نریندر مودی افتتاح کے لیے کابل روانہ ہوں سکیں۔
عمارت کی تعمیر کا آغاز انڈین حکومت نے 2007 میں کیا تھا اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ رواں سال 31 دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔
منصوبے کو ابتدائی طور پر نومبر 2011 میں مکمل ہونا تھا تاہم گزشتہ چار سالوں کے دوران یہ مکمل نہ ہوسکا۔
ہندوستانی حکومت کے ایک حالیہ ریویو کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ عمارت کا 96 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور اس وقت کام آخری مرحلے میں ہے ۔
ابتدائی طور پر اس منصوبے کی قیمت 45 ملین ڈالر تھی تاہم اب یہ 90 ملین ڈالر کا منصوبہ بن چکا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افتتاح کے موقع پر مودی ہندوستانی کردار کی اہمیت پر زور دیں گے۔