پاکستان

پشین میں چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک لیویز اہلکار ہلاک

دوسری جانب، آواران میں عسکریت پسندوں نے وزیر اعلی کے سیاسی سیکریٹری خیر جان بلوچ کے بھائی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پشین میں لیویز فورس کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

لیویز حکام نے منگل کو بتایا کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوارمسلح حملہ آوروں نے پشین کے علاقے سرخار میں ایک چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

حملے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

دوسری جانب، ضلع آواران میں عسکریت پسندوں نے آج وزیر اعلی کے سیاسی سیکریٹری خیر جان بلوچ کے بھائی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

لیویز حکام کے مطابق، نامعلوم مسلح افراد نے آواران کے علاقے جھاو میں ڈاکٹر شفیع بزنجو کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بزنجو موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ ایک لیویز اہلکار فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔

حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ لیویز فورس نے زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ایک اور واقعہ میں ایف سی نے کوئٹہ کے سبزل علاقے میں چھ مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا۔ ایف سی ترجمان نے بتایا کہ ان افراد کو ایک کالعدم تنظیم کے ساتھ تعلقات کے شبہ میں گرفتار کیا گیا۔

ایف سی نے کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے ایک پستول برآمد کر لیا۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں