پاکستان کے یہ 16 مقامات ضرور دیکھیں
اپنے ملک کے بارے میں سوچیں تو دہشتگردی، انتہاپسندی، فرقہ واریت، کرپشن، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی جیسے برے حوالے ذہن میں آتے ہیں مگر ان سب کے باوجود ہم پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں. سوچیں اگر آپ کے سامنے کچھ اچھے حوالے پیش کیے جائیں تو آپ کی وطن عزیز سے محبت پیمانہ کہاں پہنچ جائے گا۔
اگر آپ سیاح ہیں یا گھومنے پھرنے کے شوقین تو یقیناً اگلے سال بھی آپ کے شیڈول میں کوئی نہ کوئی مقام ہو گا جہاں آپ جانا چاہیں گے۔
ڈان نیوز کی ویب سائٹ پر تواتر کے ساتھ پاکستان کے خوبصورت اور تاریخی مقامات کے حوالے سے خصوصی تصاویری فیچرز شائع کیے جاتے ہیں جس کا مقصد وطن عزیز کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو آگہی فراہم کرنا بھی ہے.
ہم نے یہاں انہی تصاویری فیچرز میں سے 16 ایسے مقامات کا انتخاب کیا ہے جو آپ کو ضرور دیکھنے چاہییں.
یہ تجربہ آپ کے لیے یقیناً ناقابل فراموش ثابت ہوگا۔
وادی نلتر، گلگت بلتستان
گلگت سے ڈھائی گھنٹے کے فاصلے پر واقع وادی نلتر اپنی رنگین جھیلوں کی وجہ سے مشہور ہے، یہاں دنیا کا بہترین آلو بھی کاشت ہوتا ہے۔ چیڑ کے جنگلات سے گھِری یہ وادی دنیا سے الگ تھلگ اور پرسکون جگہ معلوم ہوتی ہے۔ سید مہدی بخاری کے بقول 'ٹیلی پیتھی کرتی جھیلیں، ایک سحر کی داستان، ایک مصور کا شاہکار، جس کے زیرِ اثر کوئی بھی انسان خود سے بولنے لگے، سب کچھ اگلنے لگے۔ انسان لَو بلڈ پریشر کے مریض کی طرح ایک جگہ ساکت ٹکٹکی باندھے بیٹھا رہ جاتا ہے اور سننے والا بھی دل پر یوں دستِ تسلی رکھتا ہے کہ روح تک مسیحائی کی تاثیر اترتی محسوس ہوتی ہے۔'