زلمے پشاور کی ٹیم اے پی ایس متاثرین سے منسوب
کولکتہ/کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور کے مالک جاوید آفریدی نے آرمی پبلک اسکول(اے پی ایس) پشاور میں اپنی ٹیم 'پشاور زلمے'کے لوگو کو متعارف کراتے ہوئے اسے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں جان گنوانے والوں کے نام کر دیا.
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ "جو کچھ ہم جیتیں گے اسے اے پی ایس سانحے میں جان گنوانے والوں کے نام کیا جائے گا، یہ ہم سب کا مقصد ہے، شہر کا مقصد ہے اور خیبرپختونخوا کا مقصد ہے"۔
جاوید آفریدی کا اے پی ایس پشاور میں ٹیم کے لوگو کی رونمائی کے بعد کہنا تھا کہ "زلمے کا مطلب نوجوان ہے جو صرف کرکٹ ٹیم نہیں ہے، وہ سرحد کے سفیر، ہمارے کھیل کے روح رواں ہیں جو ہر پاکستانی کے دلوں میں بستے ہیں۔
پشاور زلمے کے لوگو کو مغربی سرحدی پاکستان کے پشتون ثقافت کو نمایاں کرتے ہوئے پگڑی سے مشابہت دی گئی ہے جس کو تین رنگوں نیلا، زرد اور سفید سے بھر دیا گیا ہے جو علاقے کے وقار، بلندی اور وہاں کے لوگوں کی ہمت کو ظاہر کر رہا ہے۔