دلیپ کمار پدما بھوشن ایوارڈ ملنے پر جذباتی
بولی وڈ کے’ٹریجڈی کنگ‘ کہلانے والے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اتوار کو پدما وی بھوشن ایوارڈ ملنے پر جذباتی ہو گئے۔
چھ دہائیوں تک ہندی سینما کی خدمت کرنے کے صلے میں یونین ہوم منسٹر راج ناتھ سنگھ نے آج باندرا میں دلیپ کمار کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں انڈیا کا دوسرا اعلی ترین سویلین ایوارڈ پیش کیا۔
’نیا دور‘، ’جگنو‘، ’انداز‘ اور ’دیوداس‘ سے شہرت پانے والے 93 سالہ دلیپ کمار کو ان کی بیوی سائرہ بانو کی موجودگی میں ایک میڈل، سرٹیفکیٹ اور شال پیش کی گئی۔
سائرہ بانو نے ایوارڈ ملنے پر دلیپ کمار کے تاثرات بتاتے ہوئے کہا ’وہ خوش ہیں۔ وہ مسکرائے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ وہ ایک جذباتی اور حساس آدمی ہیں۔ ان کیلئے دنیاوی چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں‘۔
انڈین ایکسپریس سے خصوصی گفتگو میں سائرہ بانو نے انکشاف کیا کہ دلیپ کمار کبھی ہولی وڈ میں کام کرنے کے خواہاں نہیں رہے۔ ’ہدایت کار ڈیوڈ لین دلیپ صاحب کو لارنس آف عریبیہ میں کاسٹ کرنے کے خواہش مند تھے، مگر انہوں نے انکار کر دیا‘۔
سائرہ بانو نے یہ بھی بتایا کہ دلیپ کمار کو لیجنڈ الزبتھ ٹیلر کے ساتھ کام کرنے کا ایک موقع بھی ملا تھا۔
سائرہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ’وہ الزبتھ ٹیلر کو لے کر تاج محل بنانا چاہتے تھے۔لیکن اگر دلیپ کمار الزبتھ کے ساتھ کام کرتے تو میرا کیا ہوتا۔ پھر میں کہاں جاتی؟‘۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں