پارا چنار دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی
لشکر جھنگوی العالمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خبردار کیا کہ علاقے کے لوگ شام جنگ سے دور رہیں.
پشاور: عسکریت پسند تنظیم لشکر جھنگوی العالمی نے کرم ایجنسی کے ایک مصروف بازار میں بم دھماکے میں 22 افراد کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کر لی۔
اتوار کو پاک- افغان سرحد کے قریب پارا چنار کے عید گاہ لنڈا بازار میں ہونے والے زور دار دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی جبکہ 50زخمی ہیں۔
تنظیم کے ’ترجمان ‘ علی بن سفیان نےمیڈیا کو بھیجی گئی ایک ای میل پیغام میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران اور بشار السد کی حمایت کرنے کا بدلہ لینے کیلئے بازار میں آئی ای ڈی کے ذریعے بم دھماکا کیا۔
’ہم شیعہ والدین کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر انہوں نے بشار السد کی جنگ میں اپنے بچوں کو بھیجنے سے نہ روکا تو آئندہ بھی انہیں ایسے حملوں کا سامنا رہے گا‘۔