کھیل

پاکستان کا انڈیا سیریز کا باب بند کرنے کا فیصلہ

ہندوستان سے مثبت جواب نہ ملنے پر پی سی بی نے سیریز کا باب بند کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا اعلان ایک دن بعد کر دیا جائے گا۔

لاہور: ہندوستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے مثبت جواب نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر انڈیا سیریز کا باب بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ سیریز کے انعقاد میں ناکامی کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔

پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے جمعرات کو بذریعہ ای میل بی سی سی آئی سے 48 گھنٹوں میں حتمی جواب دینے کو کہا تھا، بصورت دیگر وہ انڈیا کے خلاف سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیں گے۔

شہریار نے ڈان کو بتایا کہ انہیں بی سی سی آئی سے ہفتہ کی شام تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، لہذا وہ سیریز کا باب بند کرنے جا رہے ہیں۔’تاہم، ہم اس حوالے سے پیر کو اعلان کریں گے‘۔

’ہم نے انڈیا سے کھیلنے کی ہر ممکن کوشش کی، حتی کہ بی سی سی آئی کی خواہش پر وینیو بھی تبدیل کر دیا، تاہم، ہماری کوششیں رائیگاں گئیں‘۔

’سیریز کے انعقاد میں ناکامی سے دنیا بھر کے بالخصوص پاکستان اور انڈیا میں لاکھوں کرکٹ شائقین مایوس ہوئے‘۔

شہریار نے بتایا کہ سیریز نہ ہونا کرکٹ کیلئے اچھا نہیں اور وہ آئی سی سی اور باہمی سطح پر انڈیا کو اپنے جذبات سے آگاہ کریں گے۔

شہریار کے مطابق انہوں نے بی سی سی آئی کو فیصلہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دیا اور اس کیلئےکئی بار ڈیڈ لائن بڑھائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو سیریز منسوخ ہونے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور وہ اتنے مختصر وقت میں سیریز کے انتظامات کرنے سے قاصر ہیں۔

بی سی سی آئی نے سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن انڈین حکومت نے سیاسی بنیادوں پر تاحال این او سی جاری نہیں کیا۔

*یہ خبر 2015-12-13 کے ڈان اخبار سے لی گئی

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔