پاکستان

دادو: آتشزدگی سے ماں اور 7 بچے ہلاک

سرد موسم میں جھونپڑی میں رہنے والا خاندان رات کو آگ جلا کر سویا، آگ نے جھونپڑی کو لپیٹ میں لے لیا، پولیس افسر

دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے گورکھ ہل اسٹیشن کے قریب جھونپڑی میں آگ لگنے سے ماں اور اس کے 7 بچے ہلاک ہوگئے۔

پولیس افسر اشرف حسین کے مطابق جھونپڑی میں رہنے والے خاندان نے سردی کی شدت کے باعث رات کو آگ جلائی ہوئی تھی اور اسی دوران تمام افراد سوگئے۔

آگ نے رات گئے جھونپڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ماں باپ اور ان کے 7 بچے بری طرح جھلس گئے۔

اشرف حسین نے بتایا کہ ریسکیو عملے نے تمام افراد کو لوگوں کی مدد سے ہسپتال پہنچایا جہاں ماں اور 7 بچوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی جبکہ باپ کو بچالیا تاہم ان کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ موسم سرما کے دوران پاکستان میں جھونپڑیوں اور کچے مکانات میں رہنے والے افراد عموماً سردی کی شدت کم کرنے کے لیے آگ کا سہارا لیتے ہیں، جس کے باعث ایسے ناخوشگوار واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔