پاک-انڈیا سیریز پر بات نہ ہونا افسوسناک: شہریار
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان ملاقات کے دوران پاک-انڈیا کرکٹ سیریز پر بات نہ ہونا افسوسناک ہے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق جب اس سلسلے میں شہریار خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران سیریز پر بات چیت نہیں کی گئی اور ہندوستانی حکومت کی جانب سے اب تک اجازت نہیں دی گئی۔
جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ اب پی سی بی کا کیا لائحہ عمل ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس وقت نہیں رہا اور سیریز کے حوالے سے بہت دیر ہو گئی ہے، اگر ایک بھی دن تاخیر ہوئی تو سیریز ختم سمجھی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پاک-انڈیا سیریز 'بے معنی' ہونے کا خدشہ
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ ماحول بہتر ہوگا لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ سیریز نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی کو پانچ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوگا.
خیال رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان گزشتہ سال ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ٹیموں کو دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل مکمل سیریز کھیلنا تھی جس کی میزبانی پاکستان کو کرنی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: انوراگ ٹھاکر پاک انڈیا سیریز کے حامی
تاہم بعدازاں دونوں بورڈز کے درمیان تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا سری لنکا میں انعقاد پر اتفاق ہوا تھا۔
پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ انہیں غیر رسمی طور پر بتایا گیا ہے کہ سوراج پاکستان کے دورے کے دوران کرکٹ پر بات کرکے سیریز کے حوالے سے فیصلہ کریں گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں