برطانیہ کے داعش کے خلاف حملے شروع
پارلیمان سے شام اور عراق میں حملوں کی منظوری کے ایک گھنٹے بعد ہی جیٹ طیاروں نے داعش کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
لندن: برطانیہ نے بھی پارلیمان سے شام اور عراق پر بمباری کی منظوری کے فوری بعد داعش پر حملوں کا آغاز کردیا.
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی دارالعوام (ہاؤس آف کامنز) نے داعش کے خلاف شام میں فضائی کارروائی کی حمایت کر دی۔
برطانوی پارلیمان میں شام میں داعش پر بمباری سے متعلق قرارداد پر 10 گھنٹے تک بحث جاری رہی، جس کے بعد قرار داد کے حق میں 397 جبکہ مخالفت میں 223 ارکان نے ووٹ ڈالے۔
خیال رہے کہ برطانوی دارالعوام میں ارکان کی تعداد 650 ہے جن میں حکومتی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے ارکان کی تعداد 330 جبکہ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے ارکان کی تعداد 231 ہے۔