امریکامیں فائرنگ: 14 افراد ہلاک
لاس اینجلس: امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان برنارڈینو میں قائم معذور افراد کے سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 14 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ نے انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آوروں کے حملہ کرنے کے طریقے سے ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ کسی مشن پر ہوں۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے سینٹر اور اطراف کا محاصرہ کرلیا اور سینٹر میں موجود افراد کو بازیاب کرانے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
یہ پڑھیں : امریکا: کولوراڈو میں فائرنگ سے 3 ہلاک
کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد سان برنارڈینو کے پولیس چیف جاروڈ بارگوان نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن میں خاتون سمیت 2 حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا جبکہ سینٹر کے قریب سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا جس کے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا اس کا اس حملے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
پولیس آپریشن کے دوران معذوروں کے سینٹر سے بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ امریکا میں تین سال قبل ریاست کنیکٹی کٹ کے ایک اسکول میں پیش آنے والے واقعے کے بعد فائرنگ کا سب سے بڑا واقعہ ہے، جس میں طالبعلموں سمیت 26 افراد ہلاک زخمی ہوئے تھے۔