پاکستان

کراچی آپریشن میں سستی نہیں آئے گی، چوہدری نثار

کراچی میں ملٹری پولیس پر حملے جیسے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں تیزی آئے گی، وزیر داخلہ۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی میں ملٹری پولیس پر حملے میں دو ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسےواقعات سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں تیزی آئے گی۔

منگل کو کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر تبت سینٹر کے قریب موٹر سائیکل سوار نقاب پوش حملہ آوروں نے ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔

آج یہاں صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری نثار نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائے گا ۔’کراچی آپریشن میں ذرا بھی سستی نہیں آئے گی’۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران برطانیہ میں قتل ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے کیس کو ہائی پروفائل قرار دیتے ہوئے اس کا مقدمہ پاکستان میں درج کرنے کا اعلان کیا۔

چوہدری نثار کے مطابق، ڈاکٹر عمران پاکستانی تھے لہذا حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس کیس کی تحقیقات کرے۔ ’اسکاٹ لینڈ یارڈ اور پاکستانی ایجنسیوں نے مشترکہ تحقیقات کیں اور اس حوالے سے ہم نے مکمل تعاون کیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی این جی اوز کی رجسٹریشن میں ایک ماہ کی توسیع کی جارہی ہے اور اس حوالے سے 129 بین الاقوامی این جی اوز نے آن لائن درخواستیں دے دی ہیں۔