امریکا: ’نسل پرست، شدت پسندوں سے بڑے دہشت گرد‘
9/11 کے بعد امریکا میں 66 فیصد دہشت گردی کے واقعات میں بالادستی کے دعویدار گورے انتہا پسند ملوث رہے ہیں،امریکی تھنک ٹینک
واشنگٹن: پیرس حملوں کے بعد امریکا میں ایک جانب جہاں ریپبلکن پارٹی کے سیاستدان ملک میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شامی پناہ گزینوں کے داخلے پر پابندی کی بات کر رہے ہیں، تو دوسری جانب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے امریکا کو بیرونی دہشت گردوں سے نہیں بلکہ اندرونی دہشت گردوں سے زیادہ خطرہ ہے۔
تھنک ٹینک ’نیو امریکا فاؤنڈیشن‘ کی رپورٹ کے مطابق 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد امریکی سرزمین پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سے دو تہائی (66 فیصد) حملے بالادستی اور بڑھائی کے دعویدار گورے انتہا پسندوں نے کیے۔
رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نسل پرست 'گوروں' کے حملوں میں 48 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں میں 26 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں۔