گوگدرہ: سیکڑوں شبیہوں کا گاؤں
یہ در اصل ’’گوگا درہ‘‘ تھا جو بگڑ کر اب گوگدرہ بن گیا ہے۔ ’’گوگا‘‘ بدھ مت میں دیوتا جب کہ درہ کے معنی وادی ہیں۔
سوات کا تاریخی و تہذیبی گاؤں ’’گوگدرہ‘‘ اپنے دامن میں پانچ ہزار سال کی تاریخ سموئے ہوئے ہے لیکن اب آثار قدیمہ و ثقافتی ماہرین کو خدشہ لاحق ہے کہ یہاں کے تاریخی و تہذیبی آثار بہت جلد صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔
گاؤں گوگدرہ، پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سے تقریباً آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ گوگدرہ کو پہاڑوں کے دامن میں واقع ایک چھوٹی سی خوبصورت وادی بھی کہا جا سکتا ہے۔