آرمی چیف کی آئیوری کوسٹ میں پاکستانی فوجیوں سے ملاقات
یاموسسوکرو : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے کام کرنے والے پاک فوج کے دستے سے ملاقات کی۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئیٹ پیغامات میں بتائی۔
آرمی چیف نے پاکستانی فوجیوں کے ساتھ دن گزارا، انہوں نے افسران اور اہلکاروں کے اپنے فرائض کے لیے پیشہ وارانہ عزم اور یو ایمن امن مشن کے لیے امن اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرنے کو سراہا۔
آرمی چیف نے امن مشنز کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا " پاکستان امن برقرار رکھنے کے لیے آپریشنز کے ابھرتے چیلنجز کا سامنا کرنے، اقوام متحدہ اور پاکستانی پرچموں کو ہمیشہ بلند رکھنے کے لیے پرعزم ہے"۔
ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے امن مشنز کے حوالے سے اہم حصہ دار ہونے کے تاریخی اور موجودہ کردار پر فخر ہے۔
پاکستان اقوام متحدہ کے مشنز کے لیے فوجیوں کو فراہم کرنے والے چند سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔ لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستانی فوجی چھ امن مشنز کے لیے تعینات ہیں۔
اقوام متحدہ کے پرچم تلے پاک فوج کے اہلکار آئیوری کوسٹ کے علاوہ کانگو، لائبریا، برونڈی اور سوڈان میں تعینات ہیں۔ مجموعی طور پر اقوام متحدہ کے مشنز کے لیے دس ہزار سے زائد فوجی تعینات ہیں۔
رواں ہفتے کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو برازیل کے اعلیٰ اعزاز ' آرڈر آف میرٹ' ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
جنرل راحیل شریف پہلے ایشیائی شخص ہیں جنھیں یہ ایوارڈ ملا۔
جنرل راحیل شریف نے برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف جنرل جوز کارلوس ڈی ناردی سے بھی دورہ برازیل کے دوران ملاقات کی، جنھوں نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ اور آپریشنل کامیابیوں خصوصاً دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کو سراہا۔
آرمی چیف امریکا کے پانچ روزہ دورے کے بعد برازیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے امریکی نائب صدر جو بائیڈن، سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری، سیکرٹری آف ڈیفینس ایشٹن کارٹر اور دیگر سنیئر حکام سے ملاقاتیں کیں۔