املاء کی غلطیاں کیسے فراڈ آسان بنا سکتی ہیں
گلاب کو کسی بھی نام سے پکاریں، اس کی خوشبو اتنی ہی مسحور کن لگے گی۔ لیکن اگر اس کے ہجے تبدیل کر دیے جائیں، تو کیا تب بھی یہ خوشبو اتنی ہی مسحور کن رہے گی؟
تحریر میں املاء کی بہت اہمیت ہے اور ریکارڈ میں تو اس سے بھی زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔ مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہے، جہاں ناموں کے ہجے غلط لکھنا ایک قومی مشغلہ ہے۔
ہر جگہ ایک ہی لفظ کے مختلف ہجے معمول ہیں۔ لیکن ایک ہی شخص کے یا ایک ہی شہر کے ناموں کے مختلف ہجے غیر معمولی ہیں۔ لیکن پاکستان میں یہ ایک الگ ہی storey ہے۔
ہجے بھولنے کی ہماری بیماری سے میرا سامنا تب ہوا جب میں اپنے والد کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ نکلوانے گیا۔ ان کا نام اعجاز تھا جس کے انگریزی ہجے Ajaz تھے۔ متعلقہ کلرکوں نے اپنی مرضی سے میرے والد کے نام کے ہجے تبدیل کیے۔ جو دستاویزات جاری کی گئیں، ان میں میرے والد کا نام Ijaz, Ejaz, Aijaz اور دیگر کئی ہجوں سے لکھا ہوا تھا۔
مثال کے طور پر ریٹیل بینکنگ فراڈ دیکھیں۔ ایک شخص ایک ہی نام کے کئی ہجوں، مثلاً Umar اور Umer سے جعلی دستاویزات بنوا سکتا ہے۔ جب نئی دستاویزات یا بینک اکاؤنٹ وغیرہ اردو میں موجود دستاویزات کے ذریعے کھلوایا جاتا ہے، تو درخواست گذار اپنے نام کے کوئی بھی انگریزی ہجے استعمال کر سکتا ہے۔
جب ایک ہی شخص کئی مختلف ہجے استعمال کر کے جعلی دستاویزات لیے گھوم رہا ہو، تو فراڈ کا پتہ چلانا نہایت مشکل ہوجاتا ہے۔
میں نے پاکستانیوں کی ہجے کی غلطیوں پر اپنا نظریہ پرکھنے کا فیصلہ کیا۔ قسمت کی بات ہے کہ میرے ہاتھ ایک ایسا ڈیٹا سیٹ لگا جو کچھ عرصے کے لیے آن لائن دستیاب تھا۔ ڈیٹا سیٹ میں ان 15,176 فوجی اہلکاروں کے کوائف موجود تھے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں دی تھیں۔ ان کوائف میں جاں بحق ہونے والوں کے آبائی شہر بھی شامل تھے۔
ڈیٹا سیٹ کے فوری جائزے سے یہ معلوم ہوگیا کہ کیمبل پور کے ہجے پاکستانیوں کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج تھے، اسی لیے انہوں نے اس کا نام اٹک رکھا دیا کیونکہ قوم کو سر کولن کیمبل کے نام کے درست ہجے کرنے میں انتہائی مشکل درپیش تھی۔
میں نے اوپن ریفائن نامی سوفٹ ویئر کا استعمال کیا تاکہ ان شہروں کی فہرست ترتیب دی جا سکے جن کے ہجے غلط لکھے گئے ہیں۔ ڈیٹا سیٹ میں آبائی شہروں کی فہرست میں 450 شہر موجود تھے۔ جب میں نے کافی دیر تک طرح طرح کے الگوریتھم استعمال کر کے غلط ہجوں کی نشاندہی کی، تو آبائی شہروں کی تعداد صرف 204 رہ گئی۔ تصور کریں کہ ڈیٹابیس میں موجود ہر شہر کے دو مختلف ہجے تھے۔
اس بات سے حیرانی نہیں ہوئی کہ ہلاک ہونے والے سب سے زیادہ فوجیوں، 1393، کا آبائی شہر راولپنڈی تھا۔
فوجی مرکز کا یہ شہر بارانی ضلعوں کے درمیان میں واقع ہے جہاں زراعت کی کمی کی وجہ سے فوجی بھرتیاں سب سے زیادہ ہوتی ہیں۔ راولپنڈی کے بعد آزاد جموں و کشمیر کا ایک چھوٹا شہر پونچھ تھا۔ اس ڈیٹا کے بارے میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شہر کی آبادی کی بہ نسبت آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے ہلاک فوجیوں کی تعداد کافی زیادہ تھی۔ لیکن یہ موضوع ایک اور بلاگ کا متقاضی ہے۔