انگلینڈ پاک-انڈیا سیریز کا حامی: شہریار خان
دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ شہریار خان نے جمعے کے روز کہا ہے کہ انگلینڈ بھی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کی حمایت کرتا ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث تعطل کا شکار ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کو آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پانچ ایک روزہ، دو ٹیسٹ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے تاہم دونوں بورڈز کے درمیان ڈیڈلاک کے باعث اس سیریز کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
بی سی سی آئی پاکستان کو ہندوستان میں کھیلنے کی دعوت دے چکا ہے تاہم پی سی بی کا اصرار ہے کہ ہندوستانی ٹیم دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو 2015 سے 2023 کے درمیان چھ سیریز کھیلنی ہے جن میں سے چار کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے تاہم تمام سیریز کے لیے حکومتی کلیئرنس درکار ہے۔
شہریار خان نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے صدر جائلز کلارک بھی پاک-ہندوستان سیریز کی حمایت کررہے ہیں۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چوتھے ایک روزہ میچ کے دوران میڈیا سےگفتگو میں شہریار نے کہا کہ سیریز کے انعقاد کے لیے جائلز کلارک بھی کوشش کررہے ہیں اور ان کی رائے ہے کہ کرکٹ کے مفاد کی خاطر یہ سیریز ہونی چاہیے۔
شہریار خان نے کہا کہ کلارک کا ماننا ہے کہ پاکستان-ہندوستان سیریز کرکٹ کے لیے اہم ہے، وہ اس سلسلے میں بی سی سی آئی سربراہ سے بھی بات کررہے ہیں اور میں نے انہیں کہا ہے کہ ہمیں منانے کی ضرورت نہیں سیریز کے لیے بی سی سی آئی کو تیار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیریز پر اب اسلام آبادکو فیصلہ کرنا ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے پی سی بی کو ہدایت کیا ہے کہ حکومتی تجویز کے بغیر کوئی فیصلہ نہ کیا جائے۔
ماضی سیکرٹری خارجہ رہ چکے شہریار نے کہا کہ اب یہ معاملہ سیاسی ہوچکا ہے اور وزیراعظم حتمی فیصلہ کریں گے اور ہم نے یہ بی سی سی آئی کو بتادیا ہے۔