آرمی چیف کی جان کیری سے ملاقات، مسئلہ کشمیر زیربحث
اسلام آباد : امریکا کے دورے پر موجود آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری سے ملاقات کرکے خطے کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی ہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئیٹ پیغامات میں بتایا کہ جنرل راحیل شریف نے بدھ کو جان کیری سے ملاقات کی اور خطے میں استحکام پر بات چیت کی۔
افغانستان اور ہندوستان سے متعلقہ چیلنجز اور انہیں حل کرنے کے اقدامات دونوں رہنماﺅں کی بات چیت میں حاوی رہے۔
آئی ایس پی آر ترجمان نے بتایا کہ جان کیری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لاتعداد قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف کیا۔
جنرل راحیل شریف اور جان کیری نے افغانستان کے مصالحتی عمل اور اس میں پیشرفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی پاک ۔ امریکا تعلقات میں مضبوطی کی پاکستانی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔
اس سے قبل پیر کو آرمی چیف نے سی آئی اے کے سربراہ جان برینن سے مالقات کی اور خطے میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے افغان قیادت کے امن و مصالحتی عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے موزوں ماحول کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سی آئی اے ڈائریکٹر نے ضرب عضب کی کامیابیوں اور سیکیورٹی امور پر اس کے مثبت اثرات کا اعتراف کیا۔
منگل کو آرمی چیف نے امریکی سیکرٹری آف ڈیفنس ایشٹن کارٹر دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
مزید پڑھیں : آرمی چیف انسداد دہشتگردی کے لیے پرعزم