لائف اسٹائل

’ہولی وڈ میں کبھی کام نہیں کرنا چاہتا‘

مجھے بولی وڈ میں بے پناہ عزت دی جاتی ہے، جب مجھے یہی عزت دی جارہی ہے تو مجھے ہولی وڈ میں جانے کی کیا ضرورت ہے، سلمان خان

ممبئی: بولی وڈ میں دبنگ خان کے نام سے مشہور اور حال ہی میں اپنی ایک اور فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ کے ذریعے کامیابی کی بلندیوں کو چھونے والے معروف اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ ان کی ہولی وڈ میں کام کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ کی کامیابی کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مجھے بولی وڈ انڈسٹری میں کام کرنا اور ہندی میں ڈائیلاگ بولنا پسند ہے، میں کئی سالوں سے فلموں میں ہندی زبان میں ڈائیلاگ بولتا آیا ہوں، لہٰذا اگر اب میں انگلش فلم میں کام کے دوران انگریزی میں ڈائیلاگ بولوں گا تو وہ عجیب لگیں گے۔

یہ پڑھیں : فلم ریویو : پریم رتن دھان پایو

انہوں نے کہا کہ ہولی وڈ انڈسٹری میں بہت محنت سے فلمیں بنائی جاتی ہیں لیکن ہمیں اتنی محنت کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عزت کے لیے کام کرتے ہیں جسے کمانے میں کئی سال بیت جاتے ہیں، مجھے بولی وڈ میں بے پناہ عزت دی جاتی ہے اور جب مجھے یہی عزت دی جارہی ہے تو مجھے ہولی وڈ میں جانے کی کیا ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 'وہ خوش نصیب ہیں، جن کی فیملی ہوتی ہے'

انہوں نے کہا کہ اگر اب میں ہولی وڈ میں کام کرتا ہوں تو وہاں نام بنانے اور عزت حاصل کرنے میں مجھے کئی سال لگ جائیں گے، اس لیے میں ہولی وڈ میں کام نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور سونم کپور کی 12 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ چند ہی دنوں میں 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہوچکی ہے، اور اس کی کامیابیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔