پاکستان

آرمی چیف کی ڈائریکٹرسی آئی اےسے 'اہم ملاقات'

جنرل راحیل شریف نے جان برینن سے ملاقات میں افغان امن مذاکرات کی دوبارہ بحالی کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔

واشنگٹن: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے امریکی انٹیلی جنس ادارے ’سی آئی اے‘ کے ڈائریکٹر جان برینن سے ملاقات کی جس میں خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ریاست ورجینیا میں واقع ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

ملاقات میں آرمی چیف نے انٹیلی جنس امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ خطے میں مستقل امن و امان کے حوالے سے خصوصی طور پر زور دیا۔

اپنے ٹوئٹ میں ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر سی آئی اے جان برینن نے ملاقات میں آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے خطے میں اس کے مثبت اثرات کی تعریف کی، جبکہ جنرل راحیل شریف نے افغان امن مذاکرات کی دوبارہ بحالی کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق جان برینن نے افغان مفاہمی عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں خطے میں پائیدار امن کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف 5 روزہ دورے پر امریکا میں موجود ہیں، جہاں ان کی امریکا کے سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں طے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنٹاگون جنرل راحیل کے دورہ امریکا پر 'شکر گزار'

ملاقاتوں میں جنرل راحیل شریف خطے بالخصوص افغانستان میں موجود سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے معاملات اٹھائیں گے۔

گزشتہ ماہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی امریکا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے امریکی صدر براک اوباما سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی، جس میں دوطرفہ معاملات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔