پاکستان

سندھ: سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر بدین کی سیکیورٹی میں دوگنا اضافے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد: ایسے موقع پر جبکہ آئندہ چند ہی روز میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہونے والا ہے الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سندھ کے دوسرے کشیدہ ضلع بدین کی سیکیورٹی کو دوگنا کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ یہ فیصلہ ان رپورٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران خیر پور میں فائرنگ کے واقعے میں سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے 11 افراد کی ہلاکت پر یہاں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حالات انتہائی کشیدہ ہوسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مذکورہ اعلان کے بعد اب 19 نومبر کو بلدیاتی انتخبات کے دوسرے مرحلے کے دوران سندھ کے 15 کے بجائے 14 اضلاع میں الیکشن ہوگے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات 3 دسمبر سے قبل متوقع ہیں۔

الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ بدین میں پُرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج کی دو کمپنیاں بھی تعینات کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیف الیکشن کمیشن ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں ہونے والے کیمشن کے گذشتہ کے اجلاسوں میں سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے مطالبہ کیا تھا کہ سانگھڑ کے تمام 614 پولنگ اسٹیشن پر فوج کو تعینات کیا جائے۔

کمیشن نے نوٹ کیا کہ ایسا کرنا ناممکن ہے اور سانگھڑ میں کسی بھی قسم کے پُرتشدد واقعات کے آغاز سے اطراف کے اضلاع بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

یہ فیصلہ بھی سامنے آیا ہے کہ تمام حساس پولنگ اسٹیشنوں کے اندر رینجرز اہلکار تعینات کیے جائے گے جبکہ فوج کوئک رسپانس فورس کے طور پر کاکام کرے گی۔

کمیشن کے فیصلے کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران 51،000 پولیس اہلکار سیکیورٹی کی خدمات انجام دے گے۔

اجلاس کے دوران بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر بدین، تھرپارکر، عمر کوٹ اور نوشہرو فروز کے اضلاع کی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ سندھ کے 7،098 پولنگ اسٹیشنز میں سے 2،571 کو انتہائی حساس جبکہ دیگر 2،571 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سانگھڑ کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے جہاں 614 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 450 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔